کارمیں بیٹھے بیٹھے کروناکا ٹیسٹ کرائیں، کراچی میں پہلا مرکزقائم

سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ٹیسٹ کیلئے پہلا سینٹر کراچی میں قائم کردیا۔
سندھ حکومت نے ضلع جنوبی کی انتظامیہ سے مل کر بحریہ آئیکن کے قریب باغ ابن قاسم میں اس سہولت کا آغاز کیا ہے، شہری اپنی گاڑی میں بیٹھ کر ٹیسٹ کرواسکتے ہیں۔
طریقۂ کار انتہائی آسان ہے۔
شہریوں کو سب سے پہلے ٹیسٹ کی بکنگ کیلئے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی کی ہیلپ لائن 99203012-021 پر کال کرنا ہوگی۔ آپریٹر آپ کی کال کی رجسٹریشن کے بعد آپ کو ٹیسٹ کا وقت اور ایک کوڈ فراہم کرے گا، پیدل آنیوالے اس سہولت سے استفادہ نہیں کرسکیں گے۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر اٹھایا گیا۔ کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کے خواہشمند افراد کی تعداد میں اضافے کے باعث اس سہولت کا آغاز کیا گیا ہے۔
اگر آپ ٹیسٹ کرانا چاہتے ہیں تو آپ سے کچھ سوالات پوچھے جائیں گے جن میں آپ کی ٹریول ہسٹری اور علامات شامل ہیں۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا ہے کہ گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ٹیسٹ کی سہولت پورے صوبے میں متعارف کرائی جائے گی۔
ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر ارشاد علی نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرائیو تھرو ٹیسٹ سینٹر پر ماہر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ٹیم موجود رہے گی، انڈس اسپتال بھی اس سہولت میں ساتھ دے رہا ہے، اسپتال کی بھی ایک ٹیم وہاں دستیاب ہوگی۔
کسی بھی شخص کو ٹیسٹ سے قبل ایک ایکسرے کرانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سول لائنز کے اسسٹنٹ کمشنر اس سہولت کی مانیٹرنگ کریں گے۔
سندھ میں کرونا وائرس سے اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 676 ہے، آج کراچی میں مزید 10 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد صوبہ بھر میں مجموعی طور پر مرض سے چھٹکارا پانیوالوں کی تعداد 51 ہوگئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں 47 فیصد ایسے لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جنہیں یہ وائرس مقامی طور پر لگا ہے۔

Post a Comment

0 Comments